لاہور،7 فروری( اے پی پی ) : پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے قذافی سٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے سٹیڈیم اور اکیڈمی میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی رہائش کے معائنے اور اپ گریڈیشن سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔چیئرمین پی سی بی نے قذافی سٹیڈیم میں سہولیات اور ڈریسنگ رومز کا جائزہ لیا اور انہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
دونوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی سٹیڈیم کے دورے کے دوران، انہوں نے نیسپاک، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پنجاب (IDAP)، کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ اس ہفتے کے آخر میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم کی از سر نو تعمیر کے لیے روڈ میپ پیش کریں۔چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض بھی چیرمین کے ہمراہ تھے۔











