پشاور، 28 فروری(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی آج شہید ایس پی کی رہائشگاہ واقع شیر پاؤ ضلع چارسدہ پہنچے، جہاں انہوں نے مردان میں پولیس مقابلے میں ایس پی اعجاز خان کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔
گورنر نے ڈپٹی کمشنر مردان فیاض شیرپاؤ،شہید کے بھائی بشیر شہزاد، طلحہ محمد و دیگر لواحقین سے فاتحہ خوانی و اظہار تعزیت کی اور شہید کے درجات بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کے دوران گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ سوگوار خاندان کا غم و درد بانٹنے کیلئے آیا ہوں، واقعہ پر دلی دکھ ہوا، پولیس شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
گورنر نے کہا کہ شہید ایس پی اعجاز خان کو سول صدارتی ایوارڈ سے نوازنے کیلئے حکومت کو سفارش کی جائے گی، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کے افسران اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔