اسلام آباد، 13فروری (اے پی پی): مہمند ڈیم پراجیکٹ کا ڈائی ورشن سسٹم شیڈول کے مطابق تکمیل کے قریب ہے اور اپریل میں ڈیم سائٹ پر دریائے سوات کا رُخ موڑ دیا جائے گا۔چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پرزیر تعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا، منصوبے کی مختلف سائٹس پرتعمیراتی کام کا جائزہ لیا مہمند ڈیم کی تکمیل 2026شیڈول ہے،1.29ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا،800میگاواٹ سستی پن بجلی بھی پیدا ہوگی۔
چیئرمین واپڈا نے منصوبے کے سپل وے، ڈائی ورشن ٹنلزاور پاور ہاؤس سمیت مختلف سائٹس کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کاجائزہ لیا۔ ایڈوائزر (پراجیکٹس) واپڈا، جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چیئرمین واپڈا نے مہمند ڈیم پر تعمیراتی پیش رفت کے حوالے سے پراجیکٹ آفس میں اجلاس کی صدارت بھی کی۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ کی 12سائٹس پر بیک وقت تعمیراتی کام جاری ہے۔ پراجیکٹ انتظامیہ نے بریفنگ میں چیئرمین واپڈا کو جاری تعمیراتی کاموں کی تفصیلات بارے بتایاجن میں ڈائی ورشن سکیم پر پیش رفت، سپل وے پر کنکریٹ کی بھرائی اور پشتوں کو مضبوط بنانے کا کام،پاور ہاؤس کے پشتوں کی کھدائی اور مضبوطی، اری گیشن ٹنلز کی کھدائی، اری گیشن کینال پر مختلف سٹرکچر ز کی تعمیر اور دریائے سوات کے دونوں کناروں پر رابطہ سڑکوں کے لئے جاری حتمی تعمیراتی کام شامل ہیں۔ بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ منصوبے کے دفاتر اور سٹاف نئے تعمیر کئے گئے پراجیکٹ دفاتر میں منتقل کیے جا چکے ہیں، مزید عمارتوں کی جلد تکمیل کے بعدباقی دفاتر بھی شفٹ کر دیئے جائیں گے۔
مہمند ڈیم پراجیکٹ کی شیڈول کے مطابق تکمیل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کنٹریکٹرز کو تاکید کی کہ ڈیم کو بروقت مکمل کرنے کیلئے درکار مٹیریل کی فراہمی سے متعلق کاموں میں تیزی لائی جائے اور اِس مقصد کے لئے اضافی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
مہمند ڈیم پراجیکٹ ایک کثیرالمقاصد منصوبہ ہے، جس سے زراعت کیلئے پانی ذخیرہوگا، سیلاب کی روک تھام میں مدد ملے گی، پشاور شہر کو پینے کا پانی میسر ہوگا اور سستی ماحول دوست پن بجلی پیدا ہوگی۔ منصوبے کی تکمیل 2026 میں شیڈول ہے۔ مہمند ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے جس سے مہمند اور چارسدہ کے اضلاع میں 18 ہزار 237 ایکڑ نئی اراضی زیرکاشت آئے گی اورایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ موجودہ اراضی کیلئے بھی اضافی پانی دستیاب ہوگا۔ مہمند ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 800 میگا واٹ ہے، منصوبے سے نیشنل گرڈ کو سالانہ2 ارب 86کروڑ یونٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ منصوبے سے پشاور شہر کو یومیہ 300 ملین گیلن پانی مہیا کیا جائے گا۔ مہمند ڈیم پراجیکٹ کے سالانہ فوائدکاتخمینہ 51 ارب60 کروڑروپے ہے۔