چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ ، پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب کی  تیاریوں کا جائزہ لیا

0

لاہور، 16 فروری(اے پی پی ): کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پاکستان سپر لیگ کی تیاریاں عروج پر، قذافی سٹیڈیم روشنیوں سے سج گیا ،شائقین کرکٹ سپر سٹارز کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

تیاریوں کے سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی رات گئے قذافی سٹیڈیم پہنچ گئے،  محسن نقوی نے پی ایس ایل 9کی گرینڈ افتتاحی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر نے افتتاحی تقریب کے انتظامات کے بارے بریفنگ دی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے افتتاحی تقریب کے انتظامات اور سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کی سہولت کے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ محسن نقوی نے پورے سٹیڈیم کا دورہ  کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر ان کا کہنا تھا پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب کے لئے بہترین اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور شائقین کرکٹ افتتاحی تقریب سے بھر پور محظوظ ہوں گے۔  انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل  پاکستان کی پہچان ہے،اسے مزید اوپر لے کر جانا ہے۔