چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کا الیکشن کنٹرول روم کا دورہ

10

کوئٹہ،08 فروری(اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز میں تمام انتظامات کا جائزہ لیا ہےانتخابی عمل کاسلسلہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر  کی سربراہی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور آر او کے زیر نگرانی جاری ہے اور ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہیگا۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے الیکشن کنٹرول روم کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ انتخابی عمل کی خود نگرانی کررہا ہوں اور صوبے بھر میں ووٹنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے انہوں نے کہاکہ پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس لیویز اور ایف سی کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئےگئے ہیں، انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے عوام بھی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں،تمام ڈویژنل کمشنرز سے ووٹنگ کے حوالے سے رابطہ کیا ہے کمشنرز کو ووٹنگ کا عمل پر امن طریقے سے جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔