کامسٹیک کا یمن کے لیے پچاسی فیلوشپس کا اعلان

24

اسلام آباد، 23 فروری(اے پی پی):کامسٹیک نے یمنی اسکالرز کے لیے پچاسی فیلوشپس کا اعلان کیا ہے،جو کامسٹیک کنسورشیئم کے رکن اداروں اور کامسٹیک کی طرف سے پیش کی گئی ہیں۔

کوآرڈینیٹر جنرل  کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کامسٹیک کنسورشیئم آف ایکسیلنس  کے ممبر اداروں اور اسلام آباد میں جمہوریہ یمن کے سفارت خانے کے تعاون سے جمعہ کو کامسٹیک سیکرٹریٹ میں یمن پروگرام کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یمنی سائنسدانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کامسٹیک نے “یمن پروگرام” کا اعلان جون 2022 میں کیا تھا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال نے جمہوریہ یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی کی کاوشوں کو سراہا اور اس پروگرام کو شروع کرنے اور سہولت فراہم کرنے میں انتہائی قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے کامسٹیک کنسورشیئم کے ممبر اداروں کی جانب سے ان فیلو شپس کی فراخدلی سے پیشکش کے لیے شکریہ ادا کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال نے بتایا کہ کامسٹیک اور یونیورسٹی آف لاہور نے مشترکہ طور پر یمنی شہریوں کو بی ایس سے پی ایچ ڈی  تک پچیس مکمل ڈگری پروگرام کی بھی پیش کش کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف لاہور، ہیلتھ سروسز اکیڈمی، انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام، یونیورسٹی آف سرگودھا، سپیریئر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی اور نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر نے یمنی اسکالرز کو دوسرے مرحلے میں فیلوشپس کی پیشکش کی ہے جو طبی کیمسٹری، صحت، زراعت، اور آب و ہوا کے شعبوں میں دی جائیں گی۔

 تقریب میں ریکٹر، یونیورسٹی آف لاہور، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، ریکٹر، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، ڈاکٹر آصف رضا، وائس چانسلر، ہیلتھ سروسز اکیڈمی، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان، چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی ، ڈائریکٹر جنرل این اے آر سی ڈاکٹر شہزاد اسد ، سپیریئر یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے نمائندوں نے شرکت کی۔