کراچی۔ 23 فروری (اے پی پی):سینئر ایڈوائزر اور انچارج وفاقی محتسب ریجنل آفس کراچی سید انوار حیدر نے محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو ہدایت کی کہ شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے عملے اور بینک کائونٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔سید انوار حیدر نے جمعہ کو ایسوسی ایٹ ایڈوائزر ایف او ایس کراچی ریاض احمد میمن کے ہمراہ مرکزی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس صدر کراچی کے دورے کے دوران پاسپورٹ کے اجرا بالخصوص بنیادی سفری دستاویز کی پرنٹنگ اور لیمینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے موزوں اقدامات پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ریجنل پاسپورٹ آفس کا دورہ وفاق محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر کیا گیا اور عملہ کی جگہوں اور سہولیات کا مکمل معائنہ کرنے کے علاوہ حکام سے بریفنگ اوروہاں موجود درخواست گزاروں سے بات چیت کی گئی۔سینئر مشیر نے اس موقع پر سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد درخواست گزاروں نے شکایت کی کہ انہیں دی گئی تاریخوں پر پاسپورٹ نہیں مل رہے ہیں اور انہیں پاسپورٹ کے حصول کے لیے کئی بار دفتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے کا ارادہ رکھنے والے شہریوں خصوصا طلبہ اورمحنت کشوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو کہ بنیادی طور پر لیمینیشن پیپر کی دستیابی کے مسائل کی وجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت پر پاسپورٹ کے اجرا کو یقینی بنانے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کی خاطر محتسب سیکرٹریٹ حکومت کو اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کی سفارش کرے گا۔
سید انوار حیدر نے کہا کہ محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سائوتھ زون کراچی سے سالانہ 5 لاکھ سے زائد پاسپورٹ جاری کر رہا ہے اور اوسطاً 2500 سے 3000 شہری روزانہ کی بنیاد پر صدر کے علاقے میں قائم دفتر آتے ہیں۔اتنی بڑی تعداد میں درخواست دہندگان کو سہولیات کی فراہمی کے لیے عملہ اور دفتر کی جگہ ناکافی ہے اس لئے زیادہ عملہ تعینات کیا جائے اور بینک کائونٹرز کی تعدادبڑھائی جائے۔ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سائوتھ زون سعید احمد نے اس موقع پر بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ایجنٹوں اور بروکرز کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں متعدد ایف آئی آرز بھی درج کی گئی ہیں۔پاسپورٹ آفس صدر حجاج کرام کی بڑی تعداد کو حج پاسپورٹ جاری کرتا ہے اور یہ ہفتہ کے روز بھی کھلا رہے گا تاکہ حجاج کرام کو ان کے پاسپورٹ حاصل کرنے میں آسانی ہو۔انہوں نے عوامی شکایات کے حل میں وفاقی محتسب کے فعال کردار کی تعریف کی ۔قبل ازیں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی ٹیم نے درخواست گزاروں کو دی جانے والی سہولیات کا معائنہ کرنے کے لیے مختلف ضلعی دفاتر اور کائونٹرز کا دورہ کیا۔