گزشتہ پانچ ماہ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کیلئے منافع بخش رہے، کئی اہم اقدامات کیے گئے، ڈاکٹر عمر سیف

37

اسلام آباد،16فروری(اے پی پی):  نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کے فروغ کیلئے گذشتہ 5 ماہ کے مختصر عرصے میں کیے گئے اہم اقدامات کا مختصر احوال بیان کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کمپنیوں کے لیے ڈالر پر بنیاد رکھنے والے اکاؤنٹس کا اجراء کیا جس سے وہ تمام کمپنیاں پچاس فیصد تک اپنا سرمایہ ڈالرز میں رکھ اور خرچ کر سکتے ہیں۔ ان اقدامات کی بدولت گزشتہ سات روز میں آئی ٹی انڈسٹری نے بتیس فیصد اضافی سرمایہ پاکستان بھیجا ہے۔

عمر سیف نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی انڈسٹری کے لیے دو لاکھ نئے لوگوں کو تربیت دے رہے ہیں جس سے اس صنعت کا سالانہ ریونیو پانچ ارب ڈالر تک بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فری لانسر کے لیے دس ہزار ای روزگار سینٹر تشکیل دیے جارہے ہیں، مزید یہ کہ فری لانسرز اب پے پل ریمیٹینس اس ماہ سے پاکستان میں موصول کر سکتے ہیں۔

عمر سیف نے کہا کہ پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ کا اجراء، فائیو جی سپیکٹرم کی دستیابی، نئی فائبرزیشن پالیسی کا اجراء جس کے تحت سیل فون ٹاورز کی کوریج کو بہتر بنایا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ٹیلی کام سیکٹر میں تنازعات کے تیز حل کے لیے ٹیلی کام ٹرائبیونل کا قیام عمل میں لایا گیا جس سے ٹیلی کام سیکٹر کو آگے بڑھانے کے عمل میں تیزی لائی گئی۔ ان اقدامات میں  نئی نیشینل سپیس پالیسی کا قیام، پاکستان میں ہینڈ سیٹ کی مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹ کے لئے پالیسی بھی ان اقدامات کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیا ڈیجیٹل کوریڈور بنانے کے لیے منصوبہ کا آغاز کیاجس کے تحت چائنہ، سینٹرل ایشیاء کی اسٹیٹس اور روس پاکستان سے فائبر سروس سے منسلک ہوتے ہوئے دنیا سے رابطے قائم کر سکتے ہیں۔