پشاور،13 فروری(اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے غیر سرکاری فلاحی تنظیم الخیر فاؤنڈیشن کے سپیشل پراجیکٹس کے سربراہ عمران ناصر نے منگل کے روز گورنر ہاوس پشاور میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک ایڈ کے صوبائی منیجرفیصل عرفان اور میئرپشاور حاجی زبیر علی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پشاور کے غریب عوام کو مفت تعلیم اور مفت علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سمیت مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر کو بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن نے سیلاب اور زلزلے جیسے قدرتی آفات میں اپنی خدمات سرانجام دی ہیں بلکہ بیواؤں کیلئے گھربھی تعمیرکئے ہیں اس کے علاوہ خواتین کیلئے سلائی کڑھائی، تعلیم و صحت، صاف پانی کی فراہمی جیسے منصوبے بھی حکومت کی تعاون سے شروع کئے ہیں۔
گورنر نے اس موقع پر تنظیم کی جانب سے فلاحی کاموں کو سراہا اور تجویز پیش کیں کہ ضلع پشاور میں سکولوں سے باہر غریب بچے /بچیوں کو معیاری نجی تعلیمی اداروں میں داخل کرواکراس کاخرچہ فاؤنڈیشن برداشت کریں جس سے نہ صرف ان بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت میسر ہوگی بلکہ خرچہ بھی کم آئیگا اور اس میں ضلعی حکومت بھی تنظیم کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون کرے گی۔گورنر نے کہاکہ ہمارے صوبے میں مخیرحضرات کی کمی نہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس منصوبے میں دیگرمخیرحضرات کو بھی شامل کرلیاجائے تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر منصوبہ کو پشاور سے شروع کیاجائے اور بعد ازاں صوبہ کے دیگراضلاع بشمول اضلاع تک توسیع دی جائے۔ گورنر نے اندرون شہر پشاور کوہاٹی میں ضلعی حکومت کے ماتحت ہسپتال میں تنظیم کی جانب سے پشاور کے شہریوں کیلئے مفت علاج معالجہ شروع کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ تنظیم فوری طور پر ہسپتال میں او پی ڈی شروع کریں اور اس حوالے سے ضلعی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے ضروری کارروائی مکمل کریں۔
اس موقع پر میئرپشاورحاجی زبیرعلی نے بھی تنظیم کے سربراہ کو ضلعی حکومت کی جانب سے صحت و تعلیم کے منصوبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تنظیم کے سربراہ عمران ناصر اور صوبائی منیجر فیصل عرفان نے گورنر کی جانب سے صحت وتعلیم سے متعلق تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے گورنر کو خراج تحسین پیش کیا کہ جس انداز سے انہوں نے غریب بچے اوربچیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور غریب عوام کے علاج معالجے کیلئے تجاویز پیش کیں وہ قابل تقلید ہیں اور اپنی جانب سے گورنر اورمیئرپشاور کاشکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ فاؤنڈیشن بہت جلد مذکورہ تجاویز پر عملدرآمد کرکے تعلیم اورصحت سے متعلق منصوبوں کو عملی شکل دیگی اور ضلعی حکومت کیساتھ ملکر ان منصوبوں کو شروع کیاجائیگا۔