گورنر محمد بلیغ الرحمن سے چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب کی ملاقات،سرکاری امور اور کارکردگی پر تبادلہ خیال

42

 

لاہور،3فروری(اے پی پی):گورنر   محمد بلیغ الرحمن سے چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب سید محبوب قادر شاہ نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سرکاری امور کی معلومات کی عام آدمی تک رسائی کے قانون کے نفاذ کی افادیت اور کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چیف انفارمیشن کمشنر نے گورنر پنجاب کو ادارے کی سالانہ رپورٹ 2022 تا2023 بھی پیش کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ انفارمیشن کمیشن نے عام آدمی کو معلومات تک رسائی کوبہت آسان بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری معلومات کی عام آدمی تک رسائی کے قانون کے نفاذ سے سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔

 چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب سید محبوب قادر شاہ نے کہا کہ گزشتہ  سال میں انفارمیشن کمیشن نے عام شہریوں کی 2166 سرکاری محکموں سے معلومات فراہم کرنے کے فیصلے کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان اہم فیصلوں میں جم خانہ کلب مال روڈ لاہور ،سوئی گیس ہاوسنگ سوسائٹی اور جوڈیشل آفیسرز ویلفیئر فنڈز پنجاب کی کچی آبادیوں کے فیصلے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں آر ٹی آئی مراکزبھی قائم کیے گئے ہیں۔