گورنر پنجاب سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی ملاقات

25

 

لاہور،3فروری  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے صدر لاہور بار ایسوسی ایشن منیر حسین بھٹی کی قیادت میں ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور گورنر ہائوس میں خوش آمدید کہا۔ملاقات میں بار ایسوسی ایشن کی کارکردگی اور مختلف عوامی مسائل زیر بحث آئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن  کے تمام ممبران کی بہتر کارکردگی میں ہی عدالتوں، عوام اور معاشرے کی بہتری پنہاں ہے۔گورنر پنجاب نے وفد کو بحیثیت چانسلر جامعات کے وائس چانسلرز کو اپنی لا فیکلٹی اور بار کے ماہرین کے ساتھ ملکر بہتر کورس متعارف کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

 اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو کورٹس کی ماڈل ٹائون میں منتقلی کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔صدر بار ایسوسی ایشن نے صحافیوں کے تحفظ کے قانون پر تمام محکموں بالخصوص پنجاب پولیس کی طرف سے مکمل عملداری کی درخواست بھی کی۔انہوں نے گورنر پنجاب سے کہا کہ وہ بطور چانسلر پنجاب کی جامعات میں نئے وکلا کے تربیتی کورس کرانے میں ان کی مدد کریں۔

وفد میں جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن رانا نعیم طاہرسمیت دیگر ایگزیکٹو ممبران شامل تھے۔