لاہور، 14 فروری(اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے چوہدری خالد محمود ہنجرا اور تفضل حسین کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں برطانیہ، یورپ، مسقط اور عمان سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخصیات شامل تھیں ۔
وفد میں صغیر احمد بلال عبدالرحمن مقصود احمد بٹ، میاں خالد جاوید, چوہدری نصیر احمد اور ڈاکٹر نصیر احمد و دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں تجارت کے فروغ اور ملکی برامدات کو بڑھانے میں اوورسیز پاکستانی کاروباری شخصیات کے کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی برآمدات میں اضافے میں کردار ادا کریں۔ اوورسیز کاروباری شخصیات زرعی پیداوار کو یورپین ممالک سمیت مختلف ممالک میں برآمد کر کے ملکی معیشت مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان میں زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔