اسلام آباد، 04 فروری (اے پی پی): رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس راجہ خادم حسین شاہین نے کہا ہے کہ جب تک کشمیریوں کو ان کی منزل مل نہیں جاتی پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر کے ان کو یہ احساس دلاتی رہے گی کہ ہم ان کے ساتھ ہیں، اس عمل سے کشمیریوں کے حوصلوں میں پختگی اور ارادوں کو تقویت ملتی ہے۔
جمعہ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راجہ خادم حسین شاہین نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان مشکل حالات میں بھی کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ایک دفعہ پر تجدید عہد کیا کہ آزادی کی جدوجہد میں پاکستانی عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہے ۔
راجہ خادم حسین شاہین نے کہا کہ کشمیر کے اندر ہندوستان کی طرف سے جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں،اس کا مکمل میڈیا بلیک آؤٹ ہے، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے اس وقت پاکستانی نوجوانوں کی ذمہ داری بنتی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں کے مظالم دنیا تک پہنچانے ہیں اور دنیا کو احساس دلانا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ اقوام متحدہ نے جو وعدہ کیا ہوا ہے ان کو ان کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔