آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کوئٹہ پولیس لائن میں قائم نئے ٹراما سینٹر بلڈنگ کا افتتاح کر دیا

17

 

کوئٹہ،19 مارچ (اے پی پی )آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کوئٹہ پولیس لائن میں قائم نئے ٹراما سینٹر بلڈنگ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹرمینجمنٹ سینٹر ڈاکٹر پارس نے آئی جی پولیس کو نئے پولیس ٹراما سنٹر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفننگ میں ڈاکٹر پارس نے بتایا کہ روڈ ایکسیڈنٹ اور دیگر معمولی نوعیت کے حادثات میں فوری طبی امداد سے قیمتی جانیں بچائی جائیں گی۔ پولیس لائن ٹراما سینٹر میں 10 بستروں پر مشتمل ٹراما سینٹر ہے جس سے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے گی۔

 اس موقع پر آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا کہ معیاری فوری طبی امدا د وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ صحت کی سہولیات کا حصول ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔

 آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کرنا عبادت ہے، پولیس ملازمت میں عوام کی خدمت پہلی ترجیح ہے،  ہمارا اصل کام مفاد عامہ کو ترجیح دینا ہے ،یہاں پر پہلے سے قائم سینٹر میں مریضوں کا علاج ہو تا رہے گا اور ضرورت کے مطابق ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات کا بھی انتظام کیا جائے گا جبکہ ہیلتھ کے شعبہ میں بہتر کام کئے جارہے ہیں اور جن چیزوں کی ضرورت ہو گی اس کے لیے وسائل کا انتظام بھی کیا جائے گا۔

 افتتاحی تقریب کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد احمد ڈوگر، ڈی جی ہیڈکوارٹر قمر الحسن،ڈی آئی جی کوئٹہ و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔