اسلام آباد،17مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر ڈاکٹر امیری مقدم نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایران کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سماجی و اقتصادی شعبوں بالخصوص توانائی اور تجارت میں تعاون کو وسعت دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے دونوں ممالک خصوصاً مشترکہ سرحد کے دونوں جانب بسنے والے عوام کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سپیکر نے دونوں برادر ممالک کی اسٹریٹجک جغرافیائی پوزیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں اپنے انتہائی اہمیت کے حامل محل وقوع کی بدولت علاقائی اور عالمی رابطوں اور تجارت کے فروغ کے لیے وافر مواقع موجود ہیں۔ حالیہ سالوں میں دوطرفہ تجارت میں مثبت پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت سمیت دیگر اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافے کے مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے موجود وسائل کو بروکار لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک۔ ایران گیس پائپ لائن سے متعلق معاملات جلد حل کر لیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک-ایران گیس پائپ لائن توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں پارلیمانی سفارت کاری کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا ۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر امیری مغدام نے سپیکر ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے ویژن کو سراہا اور تمام شعبوں میں ایران کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
سفیر نے سپیکر کو ایرانی صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے متوقع دورہ پاکستان سے دونوں ممالک میں اقتصادی شعبے سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا۔