ملتان 18مارچ (اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کو ترقیاتی منصوبے ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر سے ان کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے اور عوام بھی ان کے ثمرات سے محروم رہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں ان کے افتتاح کی تیاریاں کی جائیں۔ا نہوں نے کہا ہے کہ جو منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں ان کے افتتاح کی تیاریاں کی جائیں اورہدایت کی کہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال ملتان کے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور تمام محکموں میں پبلک سروس ڈیلیوری کے اعلیٰ معیار قائم کئے جائیں۔
فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکج کے تحت راشن کی تقسیم کا ٹاسک جلد مکمل کیا جائے تاکہ تمام مستحقین تک امداد بروقت پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ “ستھرا پنجاب” مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے اس کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے اور دیہی علاقوں کی صفائی پر بھی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں لانچ کئے گئے ماڈل “دستک” پروگرام کو جنوبی پنجاب میں شروع کرنے کے لئے پلان تیار کیا جائے تاکہ اس پروگرام کے تحت شہریوں کو برتھ، میرج اور دیگر سرٹیفیکیٹ ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کئے جاسکیں۔ انہوں نے جنوبی پنجاب میں وسیع شجر کاری مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ فواد ہاشم ربانی کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے جنوبی پنجاب کے ہر سکول میں سائنس لیبارٹری قائم کا عندیہ بھی دیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ موسم گرما میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر خطے میں واقع دریاوں کی قدرتی گزرگاہوں میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور کھارے پانی کے علاقوں میں زرعی آبپاشی کے لئے میٹھا پانی فراہم کرنے کے منصوبے تیار کئے جائیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو تمام سیکرٹریز نے اپنے ڈیپارٹمنٹ میں جاری منصوبوں بارے بریفنگ دی۔
اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی۔