اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے منشیات کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے ، تمام وسائل کو بروئے کار لاکر منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں گے ، منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں سے کسی صورت نرمی نہیں برتی جائے گی ۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے بدھ کو وزارت انسداد منشیات کے دورہ کے موقع پر کیا ۔وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات میں اپنا دفتر استعمال نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے ایک ہی دفتر کافی ہے، دو وزارتوں میں دفاتر وسائل کا ضیاع ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات میں منسٹر آفس بند کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ وزارت انسداد منشیات میں ان کے دفتر کے سٹاف کو کسی اور شعبے میں تعینات کیا جائے۔ منسٹر آفس کی افرادی قوت کو وزارت میں دیگر ضروری جگہوں پر استعمال کیا جائے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر کو وزارت کے امور کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی۔











