ملتان،21 مارچ (اے پی پی ):جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر جنوبی پنجاب میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئےمحکمہ جنگلات جنوبی پنجاب نےسرکاری نرسریوں میں 25 لاکھ 80 ہزار پودے تیار کئے گئے ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے سرکٹ ہاوس میں پودا لگا کر جنوبی پنجاب میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، سیکرٹری سروسز انجینئیر امجد شعیب خان ترین،سیکرٹری جنگلات سرفراز خان مگسی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر افضل ناصر اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن عبیداللہ کھوکھر ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے بھی شجرکاری میں حصہ لیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان کو بھی موسمی تغیر کے مضر اثرات کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کا بہترین طریقہ شجر کاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب مہم کے دوران25 لاکھ پودے لگائے گا۔
فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا ہر محکمہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے میں بھر پور حصہ لے گا اور اپنی سرگرمیوں کو تصاویری ثبوت کے ساتھ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیاری کی گئی ایپ پر لوڈ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری سکولوں میں “ایک استاد ایک درخت اور ایک طالب علم ایک درخت” کے سلوگن سے شجرکاری مہم میں حصہ لیا جارہا ہے۔