خانیوال، 21 مارچ (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گورنمنٹ ماڈل سکول اور پیرووال جنگل کچاکھوہ کے مقام پر پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عزوبا عظیم، اسسٹنٹ کمشنر کوارڈینیشن صدف اکبراور طلبہ نے بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ پودے لگائے۔
ضلع میں موسم بہار کے دوران تعلیمی اداروں کو 3 لاکھ اور محکمہ جنگلات کو جنگل میں 10 ہزار 800 پودے لگانے کا ہدف دیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے طلباء میں پودے بھی تقسیم کیئے۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ عالمی یوم جنگلات کے موقع پر ماحول کے تحفظ کا عزم کرتے ہیں،درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ہر شہری اپنے حصہ کا پودا لگائے۔انہوں نے کہا کہ درخت موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا سرسبز پنجاب پر خصوصی توجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے سکولوں میں میاواکی فاریسٹ لگانے کا پلان تشکیل دے رہے ہیں۔