لاہور،16 مارچ(اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد، ہراسگی، تیزاب گردی، زیادتی کے واقعات پر بلاتاخیر کاروائی عمل میں لائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ خواتین کے تحفظ کیلئے جاری مہم “اب کبھی نہیں Never Again” کا دائرہ کار وسیع کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین شہریوں کو ڈرائیونگ ٹریننگ، لائسنسنگ اور پولیسنگ سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ ٹرانسجینڈرز بچوں کو تعلیم اور رہائش کیلئے لاہور میں تحفظ درسگاہ میں بھجوائیں۔ وکٹم سپورٹ افسران ٹرانسجینڈرز، متاثرہ افراد کی بھرپور مدد یقینی بنائیں۔
سی ٹی او لاہور نے اجلاس کو اضلاع میں وویمن پولیس کونسل کے قیام و اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا، اے ایس پی سیدہ شہربانو نے اجلاس کو بتایا کہ ٹرانسجینڈرز بچوں کے تحفظ، تعلیم و تربیت کیلئے تحفظ درسگاہ پراجیکٹ کا دائرہ کار وسیع کر رہے ہیں۔
اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈی پی اوز، وکٹم سپورٹ افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر ، ایس ایس پی آپریشن علی رضا، اے آئی جی ویلفیئر عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔