اسلام آباد،08 مارچ (اے پی پی): دنیا بھر سمیت پاکستان میں آج خواتین کا عالمی دن منایا گیا اور اس سلسلے میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔جڑواں شہروں میں بھی مختلف ثقافتی اور ادبی سرگرمیاں منعقد ہوئیں جن میں خواتین کرافٹرز کی نمائش، سیمینار اور دیگر تقریبات منعقد ہوئیں جن میں مختلف شعبوں سے خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بھرپور طریقے سے خواتین کے عالمی دن کو منایا۔
اس موقع پر وذیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو مساوی حقوق اور یکساں ترقی کے مواقع کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کو تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور انکے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین کے عالمی دن پر شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور خواتین اور طالبات کے ساتھ 12ہزار پودے لگائے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان میں بھی خواتین کے عالمی دن پر کیک کاٹا گیا اور ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی نے اس موقع پر میڈیا کی تمام خواتین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اے پی پی میں خواتین کو یکساں مواقع میسر ہیں۔