پشاور، 08مارچ(اے پی پی):ریسکیو 1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں عالمی دن برائے خواتین کے حوالے سے آج ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں ریسکیو اہلکاروں سمیت خواتین اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن پر تمام خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ خواتین سے ہی کائنات میں رنگ ہیں، عورت ایک ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے روپ میں عزت واحترام کا پیکر ہے۔
ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122 میں 100 سے زائد خواتین اہلکار مختلف شعبوں میں پیشہ وارانہ خدمات فراہم کر رہی ہیں، اور ایمرجنسی میں مرد و عورت کی تفریق کے بغیر مریضوں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتی ہیں، یہ خواتین اہلکار کمپیوٹر آپریٹر ، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنشنز، فائرفائیٹرز اور ڈیزاسٹر ریسکیور کے عہدوں پر فائز ہیں۔