سبکدوش نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف کی انوارالحق کاکڑ سے الوداعی ملاقات

18

 

اسلام آباد،4مارچ  (اے پی پی):سبکدوش ہونے والے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو پیر کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سبکدوش نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے الوداعی ملاقات ہوئی۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے نگران وزیراعظم کے اعزاز میں وزیراعظم ہائوس میں منعقدہ تقریب میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

 اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ انوارالحق کاکڑ نے مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور وزیراعظم آفس کے عملے سے الوداعی مصافحہ کیا۔

 قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے آفس پہنچے تو سبکدوش نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے نگران وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نگران وزیراعظم کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش کئے جانے کے بعد وزیراعظم ہائوس سے رخصت کیا۔