سکھر،13مارچ(اے پی پی)یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے سکھر بائی پاس ٹاﺅن شپ میں یوٹیلٹی اسٹور سپر مارکیٹ کا افتتاح کر دیا گیا، اس سلسلے میں یوٹیلٹی اسٹور سپر مارکیٹ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی اے ڈی سی ون محمد ناصر احمد عباسی تھے جبکہ تقریب میں یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن آف پاکستان سکھر کے زونل منیجرقیصر سعید، ریجنل منیجرمولا بخش مغل، ایریا منیجر غلام سرور ساریو اسٹور انچارج ریاض احمد سمیت یوٹیلیٹی اسٹور سپر مارکیٹ ٹاؤن شپ کا عملہ ،یوٹیلیٹی اسٹور لیبر یونین کے عہدے دار ،مختلف محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔
اس موقع پر گفتگو کے دوران اے ڈی سی ون محمد ناصر احمد عباسی یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن آف پاکستان سکھر کے زونل منیجرقیصر سعید ریجنل منیجرمولا بخش مغل و دیگر کا کہنا تھا کہنا تھا کہ بائی پاس ٹاؤن شپ یوٹیلیٹی اسٹور سپر مارکیٹ کے قیام سے ٹاؤن شپ اور اسکے گرد نواح کے رہائشیوں کو معیاری و مناسب قیمت پر اشیاءخوردنوش کی سہولیات میسر ہوں گی ، یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن آف پاکستان عوام کو سستی و معیاری اشیاءکی فراہمی کیلئے صاف و شفاف طریقہ کار سے اپنا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک میں وزیر اعظم پاکستان رمضان ریلیف پیکج کے تحت 7.5ارب روپے کی سسبڈی میں یوٹیلیٹی اسٹوروں پر 19اشیاءپر خصوصی رعائیت دی جارہی ہے جبکہ عام صارفین کیلئے بھی سینکڑوں اشیاءخوردنوش پر زبردست رعایت سے عوام اس سسبڈی سے افادہ حاصل کررہے ہیں جو مہنگائی کے اس دور میں خوش آئند اقدام ہے، انشاءاللہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو مناسب داموں پرمعیاری اشیاءفراہم کرتے رہیں۔