سیاسی و سماجی راہنما حاجی چوہدری محمد عارف کا 23 مارچ کے حوالے سے پیغام

13

سیالکوٹ، 20  مارچ (اے پی پی ): سیاسی و سماجی راہنما حاجی چوہدری محمد عارف نے کہا کہ آج سے 84 برس قبل قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ان کی ٹیم نے منٹو پارک جو کہ آج مینار پاکستان کے نام سے مشہور ہے اس کے وسیع میدان میں قرارداد پاکستان پیش کی اور پاکستان کو خود مختار ریاست بنایا جس پر ہم بحیثیت پاکستانی قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے23 مارچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حاجی چوہدری محمد عارف نے کہا کہ 23 مارچ 1940 جب مسلمانان برصغیر نے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں منٹو پارک لاہور میں قرار داد پاکستان پیش کی اور قراد داد پیش کرنے کے ٹھیک 7 سال بعد ان کی ان تھک محنت اور کاوش سے  14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ اس سال 23 مارچ کو تجدید عہد کے طور پر منانا ہو گا اور تمام تر سیاسی و ذاتی احتلافات کو پس پشت ڈال کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بحیثیت پاکستانی قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے فرمودات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانا ہوگا۔