سیالکوٹ,1مارچ (اے پی پی):گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول ماڈل ٹاؤن سیالکوٹ میں غذائی آگاہی کے سلسلہ میں ” محفوظ غذا، صحت مند بچے” سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی سیالکوٹ محمد رضوان سعید نے کہا کہ غذائی قلت زیادہ کھانے سے نہیں بلکہ متوازن غذا لینے سے ختم ہوسکتی ہے بچوں میں یہ شعور اور آگاہی پیدا کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر کے تمام پرائمری لیول کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر سکولوں میں مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ جاوید اقبال بابر نے بچوں پر زور دیا کہ وہ محفوظ غذا کے بارے میں آگاہی دینے کا مقصد یہ ہے کہ آپ صحت مند اور محفوظ غذا کا پیغام اپنے گھروں، محلوں اور سوسائٹی تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی گذارنے کیلئے سادہ غذا لینا ہوگی۔ چائے اور کولڈ ڈرنک کو چھوڑ کر دودھ، دہی اور انڈوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیزا، برگر، شوارما، چاکلیٹس اور فاسٹ فوڈ سے اجتناب برتیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر متوازن غذا نہ لی جائے تو آپ بیمار ہو جائیں گے اور بیمار جسموں میں صحت مند دماغ پروان نہیں پاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بچے صفائی ستھرائی اور سادہ غذا لینا شروع کر دیں تو غذائی کمی کو پورا کرکے صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن ملک اللہ داد، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول حاجرہ ثروت ،فوڈسیفٹی آفیسر محمد کامران اور نیوٹریشن آفیسر مس عبیر نے بھی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں 8 سے 9 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں یہ محفوظ غذا کا پیغام گھر گھر پہنچا سکتے ہیں۔