اسلام آباد،9مارچ (اے پی پی):پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدارتی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے ۔ پولنگ کا عمل صبح 10 سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پولنگ کا عمل شروع ہوا تو سب سے پہلا ووٹ پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ نے کاسٹ کیا، وزیراعظم شہباز شریف، صدارتی امیدوار آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اسحاق ڈار نے بھی اپنے ووٹ کاسٹ کیے۔ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں بھی صدر مملکت کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہو رہی ہے ۔
صدارتی الیکشن میں حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے محمود خان اچکزئی امیدوار ہیں۔صدارتی الیکشن میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کیلئے جسٹس عامر فاروق پریذائیڈنگ آفیسر مقرر ہیں ۔