اسلام آباد،8مارچ (اے پی پی):قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے جمعہ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب اور انٹرایکٹو سیشن کا اہتمام کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عدنان اکرم باجوہ اور ڈائریکٹر نیوز شمائلہ عندلیب نے تقریب میں خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں ادارے کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر عاصم کھچی نے خواتین ملازمین کی نمایاں خدمات کو سراہا جو مختلف شعبوں میں پرعزم انداز میں خدمات انجام دے رہی ہیں ۔عاصم کھچی نے خواتین عملے کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تمام حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور ان کے لئے اپنے متعلقہ شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے مزید سازگار ماحول پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کل آبادی کا 50 فیصد سے زائد ہیں اور ان کی فعال شمولیت کے بغیر ملک مطلوبہ ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیوز شمائلہ عندلیب نے منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے خواتین عملے کی خدمات کے اعتراف کے لئے اس تقریب کا اہتمام کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین دفاتر میں اپنا حصہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ گھر کے کام کاج کو سنبھالنے پر بھی تعریف کی مستحق ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خواتین عملے نے اے پی پی کی بہتری کے لئے کام کرنے کے عزم اور اس تقریب کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مواقع خواتین عملے کے لئے مزید جوش اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب کا ذریعہ بنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اے پی پی میں یہ پہلا موقع تھا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ہم سب کی خواہش ہے کہ ہر سال اس موقع پر کیک کاٹا جائے۔
قبل ازیں ایم ڈی اے پی پی عاصم کھچی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر نیوز نے خواتین سٹاف کے ہمراہ کیک کاٹا اور مبارکباد دی۔