ساہیوال، 02 مارچ (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق ڈویژن کے تمام بلدیاتی اداروں کو شہروں اور دیہات کی مکمل صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔وہ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد،اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔انہوں نے سڑکوں کے پیچ ورک کے لئے اخراجات کا تخمینہ لگانے کے کام کو جلد مکمل کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا بلدیاتی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے وال چاکنگ اور غیرقانونی بل بورڈز اور ہورڈنگز کو فوری ہٹانے کی بھی ہداہت کی جس کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔کمشنر شعیب اقبال سید نے چیف افسران کو ہدایت کی کہ شہروں میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور کھلے مین ہولز کی مرمت اور ان پر کور رکھنے کے کام کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔











