فیصل آباد؛ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار کا اہتمام

11

فیصل آباد،08 مارچ(اے پی پی): گورنمنٹ کالج  ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں  خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔جس کی مہمان خصوصی کمشنر فیصل آباد سلوت سعیدتھیں۔

واک کی شرکانے بینرز،پلے کارڈز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر عورتوں کے حقوق اور خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے مختلف قسم کے نعرے درج تھے۔سیمینار میں قیام پاکستان کے بعد سے آج تک مختلف شعبہ جات میں ملکی خدمات سر انجام دینے والی مشہورخواتین شخصیات  کی  ڈاکو مینڑی بھی پیش کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آبادسلوت سعید نے کہا کہ ہم لوگ ابھی بھی اس سفر میں جاری ہیں کہ خواتین کو آپ خود اعتمادی دیں تو وہ زندگی کے ہر میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کر یں گی،ہم سب کو ایک دوسرے کی کامیابی کا جشن  منانے  سمیت اپنے کام سے راستے روشن کرتے جاناچاہیے تاکہ کل آنے والے اس پر چلنے میں آسانی محسوس کرسکیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہاکہ   پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہیں اسلئے ہمیں خواتین پربھی سرمایہ کاری  کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلام نے جو حقوق دیئے ہیں اس سے آگے کچھ نہیں،اسلام نے خواتین کو تمام قسم کے حقوق دیئے ہیں،آپ اپنے اساتذہ،والدین اور معاشرے کی عزت کریں جبکہ معاشرے کا توازن علم و آگاہی سے ممکن ہے۔

 وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہا کہ آپ کے والدین آج آپ پرجوکچھ خرچ کر رہے ہیں کل اس کا صلہ آپ نے اپنی شاندار کامیابی کی صورت میں انہیں دینا ہے، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اسلئے محنت و عظمت سے اپنا آپ منوائیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے دئیے گئے حقوق کے بعدخواتین کو کسی اور حق کی ضرورت نہیں اگر ان کو پورا کر دیا جائے۔

  اس موقع پرڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرزاسما عزیز،ڈینز،فیکلٹی ممبرز، مختلف شعبوں کی سربراہان سمیت طالبات کی بڑی تعدادبھی شریک تھی۔