اسلام آباد،21 مارچ(اے پی پی): فیفا ورلڈ کپ آ ٹومیں اردن نے پاکستان کو 0-3گول سے شکست دیدی۔
پاکستان سپورٹس کمپلکس اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے اہم میچ کا پہلا گول دوسرے منٹ میں موسیٰ التیماری نے کیا،دوسرا گول نویں منٹ میں علی الوان نے پنیلٹی کک پر کیا ،موسیٰ التیماری نے66ویں منٹ میں تیسرا گول سکورکیا۔میچ میں اردن کو دو پنیلٹی ککس ملیں، پاکستانی گول کیپر یوسف اعجاز بٹ نے متعدد گول بچائے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسینٹائن نے کہا کہ اردن کیخلاف میچ نہیں جیت سکے ،تین چار ماہ میں ٹیم کو تیار کرنا آسان نہیں، وقت کیساتھ ساتھ گیم میں بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل کے پہلے پندرہ منٹ میں دوگول ہوجانا پریشان کن تھے،میچ کی شکست پر دکھ ہے، ہم نے مزید بہتر کرنا ہے، اگلے میچز میں بہتر پلاننگ کرینگے۔
پاکستان گول کیپر یونس بٹ نے کہا کہ آج پاکستان اچھا کھیلا ہے ،میچ میں ہر گول بچانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال کی بہتری کیلئے لیگ کا ہونا ضروری ہے، پاکستان میں فٹبال کا بہت ٹیلنٹ ہے۔
اردن کے ہیڈکوچ حسین عموتانے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میچ سے قبل معلوم تھا کہ میچ آسان نہیں ہوگا،پاکستان کے خلاف میچ کی تیاری کے لیے 5 روز ملے تھے،ہم نے تسلسل کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ رمضان میں کھیلنا مشکل ہوتاہے، ،تاجکستان کے خلاف اہم میچ ہوگا، پاکستانی شائقینِ فٹبال کا شکریہ ، انہوں نے سپورٹ کیا۔اردن کے فٹبالرموسیٰ التماری نے کہا کہ پاکستانی فٹبال شائقین فیملی کی طرح ہیں۔