قومی اسمبلی کا اجلاس ، سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کو غیر قانونی قرار دینے کی قرارداد منظور

16

 اسلام آباد،13 مارچ (اے پی پی ): قومی اسمبلی اجلاس کا آج یہاں منعقد ہوا جس میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کو غیر قانونی قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کو غیر قانونی قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے پیش کی۔ قرارداد کے مطابق صدر زرداری نے ریفرنس فائل کیا، بلاول بھٹو زرداری نے اس کی پیروی کی ۔

متن کے مطابق قرارداد مطالبہ کرتی ہے کہ غیر منصفانہ فیصلہ بدل دیا جائے، ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید قرار دیا جائے۔قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان دیا جائے، جمہوریت کے لیے جان قربان کرنے والے کارکنان کے لئے نشان ذوالفقار علی بھٹو ایوارڈ قائم کیا جائے۔

اس سے پہلے  حزب اختلاف  کے رہنما عمر ایوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے عالمی کے دن حوالے سے ہم نے قرارداد جمع کرائی ہے، خواتین پر مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ آپ ایوان کا استحقاق مجروح نہیں ہونے دیں گے۔عمر ایوب نے کہا کہ ہم واک کرکے پارلیمنٹ آرہے تھے، اسلام آباد پولیس کے افسر نے پارلیمنٹ کا گیٹ بند کروا دیا،انہوں نے کہا کہ فوری طور پر اس معاملے پر ایکشن لیا جائے، آئی جی سمیت متعلقہ افسروں کو برطرف کیا جائے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ 15 کارچ دن گیارہ بجے تک کے لئے ملتوی کردی گیا ہے۔