لاہور، 1 مارچ(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ڈپٹی آڈیٹر جنرل (سینٹرل) طارق بشیر چٹھہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈپٹی آڈیٹر جنرل (سینٹرل) نے گورنر پنجاب کو حکومت پنجاب کی اکائونٹس اینڈ آڈٹ رپورٹ برائے سال 24-2023 پیش کی۔
وفد میں ڈائریکٹر جنرل آڈٹ پنجاب محمد نسیم راشد، اکرام الحق، ڈائریکٹرآڈٹس اکرام الحق، فریال مگسی اور آڈٹ آفسر (ایڈمن)سید نفیس احمد شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ سرکاری محکموں میں شفافیت اور گورننس بہتر کرنے میں آڈیٹر جنرل کے محکمے کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے جن کا کسی وجہ سے آڈٹ نہیں ہو رہا انہیں بھی اس سسٹم میں شامل کرنا چاہیئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ادارے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے ۔
اس موقع پر ڈپٹی آڈیٹر جنرل(سینٹرل)طارق بشیر چٹھہ نے گورنر پنجاب کو ادارے کی کاکردگی میں بہتری لانے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے بارے تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے جن کا کسی وجہ سے آڈٹ نہیں ہو رہا انہیں سسٹم میں شامل کرنے کے لیے قانونی تقاضوں کا جائزہ لے کر حکمت عملی بنائیں گے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ادارے میں عملے کی ٹریننگز کا انعقاد مستقل بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔











