لیگل کمیشن آن بلاسفیمی پاکستان کے زیر اہتمام 15 مارچ کو یوم تحفظ ناموس رسالتﷺمنایا جائے گا

29

 

اسلام آباد،14مارچ (اے پی پی): سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کی روک تھام کی آگاہی کے لئے غیر سرکاری تنظیم “لیگل کمیشن آن بلاسفیمی پاکستان” کے زیر اہتمام 15 مارچ بروز جمعہ کو یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺمنایا جائے گا۔

کمیشن کے ایک بیان میں قوم سے اپیل کی گئی ہےکہ وہ اس آگاہی مہم میں بھر پور حصہ لیں۔ اس ضمن میں عوام میں آگاہی کےفروغ میں مدارس، آئمہ مساجد ، تعلیمی و علمی شخصیات، وکلاء ذرائع ابلاغ کے نمائندگان، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ، مذہبی، سماجی اور سیاسی رہنماؤں کا اہم کردار ہے تاکہ معاشرے بالخصوص نوجوان نسل کو سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کے منفی اثرات اور تحفظ ناموس رسالتؐ کی اہمیت سے مناسب طور پر آگاہ کیا جا سکے ۔

بیان کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ سے سماجی رابطوں کے مختلف پلیٹ فارمز پر بعض شر پسند عناصر کی طرف سے گستاخانہ مواد کی تشہیر کی جارہی ہے اور مختلف ویب سائٹس پر گستاخانہ مواد مخصوص گروپوں میں شئیر کیا جاتا ہے ۔

سائبر کرائم ایف آئی اے نے اس حوالے سے توہین کے مرتکب اور جرائم میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا۔ اس وباء پر قابو پانے کے لئے سرکاری و غیر سرکاری اداروں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے  کہ ایف آئی اے سائبر کرائم کے تھانوں میں اینٹی بلاسفیمی سیل قائم ہیں جہاں درخواست گزاروں کی داد رسی کی جاتی ہے جبکہ لیگل کمیشن آن بلاسفیمی پاکستان سے بھی معاونت کے لئے رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گستاخی کرنے والا مجرم کوئی بھی ایپ استعمال کر رہا ہو، کسی بھی ویب سائٹ پر گستاخانہ مواد شیئر کر رہا ہو یا کوئی وی پی این استعمال کر رہا ہو اس کو سائبر کرائم ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریس کرتی ہے اور اسے گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔ اگر اس سلسلہ میں کوئی رکاوٹ یا مشکل پیش آئے تو ایف آئی اے کو قانونی کارروائی کے لئے آفیشل نمبرز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اے پی پی/سدرہ/فرح