مظفرآباد،11 مارچ(اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر کے قیام کا بنیادی مقصد ہی مسئلہ جموں و کشمیر کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سلسلے میں میں آزادی کے بیس کیمپ سے مودی کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے 16مارچ سے میرپور سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہا ہوں۔ جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور مسئلہ کشمیر پر خیالات کا اظہار کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روزیہاں ایوان صدر مظفرآباد میں جموں و کشمیر لبریشن سیل کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں اظہار رائے کی نہ صرف مکمل پابندی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ہندوستان کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے پر نوجوانوں کو زندگیوں سے محروم کر دیا جاتا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت اور لبریشن سیل نے اب کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو پہلے سے زیادہ جاندار انداز میں دنیا تک پہنچانا ہے۔