اسلام آباد،9مارچ (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری 411 ووٹ حاصل کر کے صدر مملکت منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ حاصل کئے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے غیر حتمی سرکاری نتائج کے مطابق صدر مملکت کے انتخاب کے لئے مجموعی طور پر پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں 5 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ قومی اسمبلی ہال میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین کیلئے قائم پولنگ سٹیشن سے حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری 411 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ حاصل کئے۔
قومی اسمبلی،سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے کل1044 اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پاکستان مسلم لیگ، تحریک استحکام پاکستان، بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر حکمران جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے 411 ووٹ حاصل کئے۔
پولنگ کا عمل 4 بجے تک جاری رہا۔اعلان کردہ نتیجے کے مطابق صدر مملکت کے انتخاب کے لئے الیکٹورل کالج میں کل ووٹ 1185 تھے جن میں 92 نشستیں خالی ہیں۔کل 1044 ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 9 ووٹ مسترد ہوئے۔1035 ووٹ درست قرار دیئے گئے۔پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے حتمی نتیجہ موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن اتوار کو جاری کردیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نےپاکستان پیپلز پارٹی کے شریکِ چیئرمین آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے ۔