مسلم لیگ (ن ) اور پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس،مسلم لیگ( ن) صدر مملکت کیلئے آصف علی زرداری کو ووٹ دیگی، مریم نواز شریف ، وزیراعظم اور صدر مملکت تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر چلیں گے ،بلا ول بھٹو زرداری

15

لاہور،8مارچ  (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن )اور پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس جمعہ کے روز یہاں گورنر ہائوس میں منعقد ہوا،اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،ق لیگ کے رہنما چوہدری شافع حسین،آئی پی پی کے غضنفر عباس چھینہ،ضیا لیگ کے چوہدری غلام مرتضی و دیگر ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اب ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر بات کرنے کا وقت ہے،مسائل اتنے گھمبیر ہیں کوئی جماعت اکیلے حل نہیں کر سکتی۔مسلم لیگ(ن)،پیپلز پارٹی،ق لیگ،آئی پی پی اور ضیا لیگ کا مشترکہ ایجنڈا ملک کو بحرانوں سے باہر نکالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) صدر مملکت کیلئے آصف علی  زرداری کو ووٹ دیگی،بلاول بھٹو اگر ووٹ مانگنے نہ بھی آ تے تو پھر بھی (ن) لیگ آصف زرداری کو ہی ووٹ دیتی،اچھی بات ہے کہ آ صف علی زرداری ایک سیاسی شخصیت ہیں اور وہ صدر بنیں گے،وہ سیاسی اتار چڑھائو بھی سمجھتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آصف علی زرداری ہمارے صدارتی امیدوار ہیں،ہم سب انہیں ووٹ ڈالیں گے،تمام ارکان پارٹی ڈسپلن کے تحت ووٹ ڈالنے آئیں۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کا ایوان صدر میں آنا خوش آئند امر ہے،سیاسی شخصیت کا آنا اچھا ثابت ہو گا۔آصف علی زرداری کی ملاقات اور میل ملاپ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو تا ہے،ان سے اچھے تعلقات ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم الیکشن میں ایک دوسرے کے مد مقابل تھے،الیکشن میں ہر جماعت کی اپنی ایک سوچ ہوتی ہے،ہم الیکشن مہم میں ایک دوسرے کے خلاف تہذیب میں رہ کر باتیں کرتے ہیں،الیکشن کے بعد ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کرعوام کے مفاد میں فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا مشترکہ ایجنڈا ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے،مسائل اتنے گھمبیر ہیں کہ کوئی تنہا جماعت حل نہیں کرسکتی،سنجیدہ جماعتوں کو پتہ ہے کہ عوام ان کی طرف دیکھ رہے ہیں،سنجیدہ نوعیت کی جماعتیں ملک کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں،ان کو احساس ہے کہ لڑائی جھگڑے آ گے چلے تو غریب کو روٹی نہیں ملے گی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ میرے بارے میں بلاول کے اچھے الفاظ پر میں ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ رمضان پیکج میں کسی سیاسی جماعت کی انٹری نہیں کی،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رمضان پیکج بلا تفریق دیا جا رہا ہے جسے میں ذاتی طور پر مانیٹر کر رہی ہوں اور ہم نے لوگوں کی دہلیز پر ان کا حق پہنچایا ہے۔رمضان نگہبان پیکج ہم سب کا پروگرام ہے،بی آئی ایس پی کے ڈیٹا میں جماعتی وابستگی ظاہر نہیں ہوتی،اگر غریب ہے تو اس کی ضروریات ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ75سال میں پہلی مرتبہ لوگوں کو ان کا حق ان کی دہلیز پر مل رہا ہے۔رمضان نگہبان پیکج کا پائلٹ پراجیکٹ شروع  ہو چکا ہے اور اب تک قریبا3لاکھ ہیمپرز تقسیم کر چکے ہیں،رمضان نگہبان پیکج کے تحت فوڈ ہیمپرز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز جلد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں خواتین کی اتنی بڑی تعداد کو دیکھ کر خوش ہوں اور اس تبدیلی کو ہم ویلکم کرتے ہیں۔

اس موقع پرپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں یہاں ارکان پنجاب اسمبلی سے اپنے والد کیلئے ووٹ مانگنے آ یا ہوں،آصف زرداری آپ کا ایسے خیال رکھیں گے جیسے میرا رکھتے ہیں،امید ہے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے مل کر چلیں گے اور آگے بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کا منصب سنبھالنے اور رمضان پیکج پر مریم  نواز کو مبارک باد دیتا ہوں،ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعلی مریم نواز صوبے کی ترقی کیلئے لگن سے کام کریں گی،رمضان پیکج سے لگتا ہے کہ مریم نواز پنجاب کے پسماندہ طبقات کا خیال رکھیں گی جس سے غریب طبقے کو فائدہ ہو گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں ایک مخصوص جماعت کی وجہ سے معاشرے میں تقسیم پیدا ہو ئی ،پاکستان اس وقت بحرانوں سے گزر رہا ہے جس کا حل ہم  نے مل کر نکالنا ہے،ایسا راستہ نکالنا ہوگا جس سے معاشرہ ترقی کرے ،نفرت اور تقسیم کے ماحول کو دفن کر کے آ گے بڑھنا ہو گا۔

قبل ازیں مریم نواز گورنر ہائوس پہنچیں تو ارکان اسمبلی نے ان کا پر تپاک استقبال کیا جبکہ مریم نواز ہر ٹیبل پر جا کر اراکین اسمبلی سے ملیں۔