ملک بھر میں وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم شروع،وزیراعظم کی تقسیم کی جانے والی اشیاء کے معیار کی کڑی نگرانی کی ہدایت

28

اسلام آباد،7مارچ(اے پی پی): ملک بھر میں ساڑھے سات ارب روپے کے وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم شروع کر دی گئی جو چاند رات تک جاری رہے گی جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ رمضان پیکیج میں تقسیم کی جانے والی اشیاء کے معیار کی کڑی نگرانی کی جائے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دیگر اشیاءِ ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے، رمضان میں ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 10 ہزار 500 روپے کی سہ ماہی قسط مستحق افراد میں تقسیم  کی جائے، بلوچستان میں مستحقین کو  2 ہزار روپے اضافی دیئے جائیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رمضان المبارک میں وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں ہی ان رقوم کی فوری تقسیم مستحق افراد میں یقینی بنائی جائے۔

 وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بلوچستان کے ایسے مستحق خاندان جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ہیں انہیں 10 ہزار 500 کی سہ ماہی امدادی رقم کے ساتھ ساتھ اضافی 2 ہزار روپے تقسیم کئے جائیں۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم کے حوالے سے ملک گیر آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ مستحق افراد کو نہ صرف اس حوالے سے معلومات میسر ہو بلکہ یہ پیکیج زیادہ سے ذیادہ اہل مستحق افراد تک پہنچ سکے۔