اسلام آباد،06 مارچ ( اےپی پی): آج پاکستان میں سرائیکی کلچر اور سرائیکی اجرک ڈے منایا جا رہا ہے ۔ سرائیکی کلچر، تہذیب وتمدن دریائے سندھ کی ہزاروں سال قدیم تہذیب سے جڑی ہے، سرائیکی تہذیب وتمدن میں محبت،پیار،یگانگت اورخلوص جھلکتا ہے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سرائیکی کلچراور سرائیکی اجرک ڈے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ سرائیکی وسیب کے تمام رنگ خوبصورت اور منفرد تہذیب وتمدن کے امین ہیں۔وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ”سرائیکی زبان ڈاڈھی مِٹھی زبان ہے ،” سرائیکی زبان جنوبی پنجاب ہی نہیں، بلوچستان اور بھارت میں بھی بولی جاتی ہے۔ادب، شاعری اور موسیقی میں سرائیکی اور اس سے وابستہ اہل علم وقلم کا بڑاحصہ ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء فیصل کریم کنڈی نے سرائیکی کلچر اور سرائیکی اجرک ڈے پر اپنے پیغام. میں کہا ہے کہ ثقافت سے جڑنا اور اس پر فخر کرنا اعلی اقوام کا خاصہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرائیکی کلچر ڈے پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ سرائیکی بہنوں اور بھائیوں کو سرائیکی ثقافتی دن کے حوالے سے ڈھیروں مبارک پیش کرتی ہوں، پاکستان ثقافتی تنوع سے مہکتا گلدستہ ہے،سرائیکی ثقافت مہکتے گلدستے کا پھول ہے۔