اسلام آباد،14مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم مصدق ملک نے وفاقی حکومت کے معاشی و سماجی اقدامات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے حکمت عملی وضع کی ہے ، زرعی انقلاب کیلئے کسانوں کو کم قیمت پر کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، زیادہ پیداوار والے معیاری بیج کسانوں کی پہنچ میں لائیں گے، پانی کی فراہمی کیلئے کسانوں کو سولر ٹیوب ویل ملیں گے، پھلوں کو محفوظ بنانے کیلئے گائوں گائوں زرعی انڈسٹریل فارمز بنائے جائیں گے۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصدق ملک نے کہا کہ معاشرتی تناؤ کو کم کرنے کے لئے اقدامات ضروری ہیں ،کوشش ہے کہ تناؤ کو ختم کریں اور رواداری کی فضا ء پیدا کی جائے،آنے والی نسل کے لئے روزگار کی فراہمی اور ان کے معاملات کے حل کے لئے ایک اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے شہری اور دیہی علاقوں کے لئے الگ الگ حکمت عملی بنا دی ہے،نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ تربیت کی ضرورت ہے،کسانوں کو اگر کھاد ،معیاری بیج اور پانی مل جائے تو زرعی انقلاب آ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ کسانوں کو کم قیمت پر کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، بیجوں پر بھی کچھ کمپنیوں کی اجارہ داری ہے ،دنیا میں ایسے بیج آ چکے ہیں جن کی پیداواری طاقت دگنی ہے ،کسانوں کو کھاد ،سپرے، معیاری بیج اور پانی کی ضرورت ہے، جہاں جہاں ٹیوب ویل لگے ہوئے ہیں کوشش کی جائے گی کہ کسانوں کو سولر ٹیوب ویل فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 سے 35 فیصد پھل اور سبزیاں مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی خراب ہو جاتے ہیں،زیادہ پیداوار والے معیاری بیج کسانوں کی پہنچ میں لائیں گے۔
مصدق ملک نے کہا کہ شہری علاقوں میں بھی بینکوں کو پابند کیا جا رہا ہے کہ وہ شہروں میں چھوٹے قرضے فراہم کریں تاکہ روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ،صرف بڑے لوگوں کو قرضے دینے کی بجائے چھوٹے قرضے ملنے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ ملے گا اور قرضے ملنے سے نوجوانوں کو فائدہ ہوگا اور وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے، شہری علاقوں کے لئے چھوٹے کاروباری یونٹس کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مشین لرننگ اور مصنوعی ذہانت کے کورسز کرائے جائیں گے تو پھر ان کے لئے بہت فائدہ ہوگا ،اس سلسلے میں دیگر ممالک سے ماسٹر ٹرینرز کو بھی بلانا پڑا تو بلایا جائے گا، پانچ لاکھ طلباء و طالبات کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دی جائے گی۔