وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی معیشت کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس

12

 

اسلام آباد، 20 مارچ (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی معیشت کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں برآمدات میں اضافے، بجلی شعبے کی ترقی، محصولات میں اضافے، صنعتی ترقی کے حوالے سے تجاویز دیتے ہوئے ایک جامع روڈ میپ پیش کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے ملکی معیشت کے شعبوں کی مرحلہ وار اصلاحات پر رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے اجراء کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں برآمدی شعبے کی وسیع استعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے بین الاقوامی ماہرین کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا، معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، برآمدات کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدی صنعت کو تمام سہولیات یقینی بنائیں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، جہانزیب خان، چیئیرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ، جہانزیب خان ڈاکٹر اعجاز نبی، ڈاکٹر نوید احمد، ڈاکٹر فراز حیات اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔