اسلام آباد،21مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی خصوصی ایپکس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ،چیف آف آرمی سٹاف،موجودہ و سابق نگران وزراء،وزراء اعلیٰ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سابق نگران کابینہ کے ارکان کی موجودگی میں نئی وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔کمیٹی کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے سرمایہ کاری،نجکاری اور ملک کی مجموعی مائیکرو اکنامک استحکام کے حوالے سے اقدامات اور نمایاں کردار کے حوالے سے آگاہ کیاگیا۔کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جون 2023 کے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کے اقدام کو سراہا جو اب پالیسی سازی کی تشکیل کے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔
چیف آف آرمی سٹاف نے حکومت کے اقتصادی اقدامات میں مسلح افواج کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے ملک کو اس کے حقیقی پوٹینشنل کے مطابق ڈھالنے کے لئے محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل مشکل وقت میں آگے بڑھنے کا ایک راستہ ہے اور ملک کی خدمت کے لئے ماضی کی نسبت ایک پختہ عزم کی ضرورت ہے۔انہوں نے وفاقی کابینہ پر زور دیا کہ وہ مل جل کر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اقتصادی استحکام کے لئے ایک ٹیم بن کر کام کریں۔