اسلام آباد،20مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون سے متعلق معاملوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزارت خزانہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر محمد اورنگزیب کو مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادارانہ، دوستانہ تعلقات کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ، ثقافت اورعقیدے کے بندھنوں میں بندھے ہیں۔ وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ اس کا بنیادی مقصد دوست ممالک کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ انہوں نے سفیر کو نجکاری بالخصوص پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے بارے میں بھی بتایا۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا۔