وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر خیبرپختونخوا کا دورہ، ڈیٹا سنٹر، کرائم سین یونٹ، سی آئی اے یونٹ اور دیگر شعبوں کا  جائزہ لیا

2

اسلام آباد، 28 مارچ(اے پی پی ): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آج  پشاور میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر  خیبرپختونخوا کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیٹا سنٹر، کرائم سین یونٹ، سی آئی اے یونٹ اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس منعقدہوا،جس میں سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی استعدادکار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کو ضروری ڈیٹا تک رسائی کی سہولت دی جائے گی،خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ فٹ پر ہے۔انہوں نے کہا کہ  سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے سائبر سیل کو وسعت دی جائے گی اور ہر ممکن معاونت کریں گے، ڈیٹا شئیرنگ کا موثر میکنزم بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ  سی ٹی ڈی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کا ادارہ موثر انداز میں کام کر رہا ہے،  قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔

نیکٹا کے سربراہ رائے طاہر، انسپکٹرجنرل پولیس اختر حیات گنڈاپور اور سی ٹی ڈی کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی شوکت عباس نے ادارے کی کارکردگی کے بارے بریفنگ دی۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے بارے بریفنگ دی۔