کراچی، 24 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے اتوار کو پورٹ قاسم اتھارٹی کا دورہ کیا اور پورٹ قاسم اتھارٹی افسران سے ملاقاتیں کیں۔وفاقی وزیر نے ملک کی اقتصادی ترقی میں پورٹ قاسم اتھارٹی کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر) سید حسن ناصر شاہ اور دیگر افسران نے وزیر کو اتھارٹی کے مینڈیٹ اور روزمرہ کے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ایشیا دنیا کے دیگر خطوں کے مقابلے میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان پیچھے رہ گیا ہے اور اس ترقی کے ثمرات حاصل کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ معیشت کی بحالی میں کردار ادا کریں۔
قیصر شیخ نے چین کی 60 ملین آبادی کو غربت کی سطح سے نکالنے کی مثال بھی پیش کی اور کہا کہ ہماری معیشت کی بحالی کے لیے ایسی کوششوں کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر کا پورٹ قاسم اتھارٹی پہنچنے پر چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی اور دیگر اراکین نے استقبال کیا۔اپنے دورے کے دوران وزیر نے پورٹ قاسم اتھارٹی میں پودا بھی لگایا۔