کراچی۔ 26 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے پاکستان میری ٹائم اکیڈمی (پی ایم اے) کراچی کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
اپنے دورے اور پی ایم اے کے افسران کے ساتھ ایک اورینٹیشن میٹنگ کے بعد اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اکیڈمی میں دی جانے والی تربیت اور کورسز کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کیڈٹس کی مہارتوں کی تشکیل میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔میری ٹائم سیکٹر کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے سلسلے میں وفاقی وزیر نے میری ٹائم یونیورسٹی کے لازمی قیام پر زور دیا۔
انہوں نے بحری تعلیم اور تحقیق کو آگے بڑھانے میں اس کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے مطلوبہ انتظامی عمل شروع کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے پی ایم اے کے افسران کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی، جس میں اکیڈمی کے آپریشنز اور کامیابیوں کے بارے میں کمانڈنٹ پی ایم اے سے جامع بریفنگ لی گئی۔