وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

27

 

  اسلام آباد،18 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان  سے  شوگر ملز ایسوسی ایشن  کے نمائندوں نے  پیر کو یہاں  ملاقات کی ۔ ملاقات کا  مقصد بات چیت کو فروغ دینا اور ان شوگر  کی صنعت  کو درپیش چیلنجز کے لیے قابل عمل حل تلاش کرنا تھا۔

ایسوسی ایشن نے  وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان  کا کوئی بھی بڑا فیصلہ کرنے سے پہلے اسٹیک ہولڈرز کو بلانے کے اقدام کو سراہا۔ وزیر جام کمال نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مفادات کی وکالت کریں گے اور   اس کے ساتھ ساتھ مقامی صنعت کو سپورٹ کرنے کے لیے ان کے خدشات دور کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ  زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لیے برآمدات کے حجم میں بھی اضافہ کریں گے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے مولاسس کی برآمدات کے لیے ٹیرف میں متوقع اضافے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا۔ ایسوسی ایشن کے اراکین نے غیر ملکی ذخائر کو بڑھانے کے لیے مولاسس کی برآمدات کی حوصلہ افزائی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی منڈیوں تک زیادہ رسائی کی سہولت فراہم کرتے ہوئے ٹرمینل کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔