اسلام آباد، 13 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات کا دورہ کیا۔ سیکرٹری وزارت نے وفاقی وزیر کو وزارت کے امور کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات میں منسٹر آفس بند کرنے کی ہدایت کی اور وزارت انسداد منشیات میں اپنا دفتر استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے ایک ہی دفتر کافی ہے، دو وزارتوں میں دفاتر وسائل کا ضیاع ہے، لہذا وزارت انسداد منشیات میں میرے دفتر کے سٹاف کو کسی اور شعبے میں تعینات کیا جائے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے منشیات کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاکر منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں گے،منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں سے کسی صورت نرمی نا برتی جائے۔











