پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق دوستی ، امن اور کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے میں فعال اور تعمیری کردار ادا کررہاہے ؛ سفیر منیر اکرم

0

نیویارک ، 24 مارچ ( اےپی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سفیر منیر اکرم نے کہاہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق دوستی اور امن قائم کرنے اور کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے میں فعال اور تعمیری کردار ادا کررہاہے ۔

ان خیالات کا  اظہار سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور پاکستانی قونصلیٹ جنرل نیویارک کیجانب سے   84ویں یوم پاکستان کی یاد میں پرچم کشائی  تقریب سے خطاب میں کیا۔ سفیر منیر اکرم نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔

 سفیر منیر اکرم نے کہا کہ 23 ​​مارچ پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے کیونکہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم کی متحرک قیادت میں اپنی ایک آزاد مملکت کے قیام کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی آزادی کے ایک ماہ بعد اقوام متحدہ میں شمولیت اختیار کی اور تب سے اس نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق دوستی اور امن قائم کرنے اور کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے میں فعال اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان عالمی انسانی حقوق کے لیے ایک مضبوط آواز ہے جس میں غیر ملکی قبضے کے تحت تمام لوگوں بالخصوص جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کے حق خود ارادیت شامل ہیں۔

قونصلر نعیم صابر خان اور قونصلیٹ کے ہیڈ آف چانسری عمر شیخ نے یوم پاکستان پر بالترتیب صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی موجود تھے۔