پرائس کنٹرول اقدامات اور نگہبان رمضان پیکج سے متعلق اجلاس،اقدامات کاجائزہ

20

لاہور، 14مارچ(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت پرائس کنٹرول اقدامات اور نگہبان رمضان پیکج سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگہبان رمضان پیک کے تحت راشن بیگز کی فراہمی، پرائس کنٹرول اقدامات کابھی  جائزہ لیا گیا۔ گراں فروشوں کیخلاف کارروائیوں سے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلا س میں پیش کی گئی۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں گراں فروشی پر 528افراد گرفتار اور 185مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز پرائس مجسٹریٹس نے 72ہزار انسپکشنزکیں، اوورچارجنگ پر 62لاکھ49ہزار روپے کے جرمانے کئے۔ اجلاس میں سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں میں استحکام کیلئے زرعی منڈیوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور  زرعی منڈیوں میں نیلامی کے عمل میں بیس پرائس کا تعین کرنے کیلئے محکمہ زراعت کو تجاویز تیار کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ نیلامی کے عمل میں مرضی کے نرخ مقرر کر کے مہنگائی پیدا کرنے والے کمیشن ایجنٹس  کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

چیف سیکرٹری نے قصور میں راشن بیگز گھر کی دہلیز تک پہنچانے کی بجائے کلسٹرز میں تقسیم کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستحق افراد کو انکا حق ہر صورت گھر کی دہلیز تک پہنچایا جائے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صنعت اور زراعت کے سیکرٹریز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ 21لاکھ66ہزار راشن بیگز مستحق افراد تک پہنچا دیئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز 93ہزار صارفین رمضان بازاروں میں قائم ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس سے مستفید ہوئے ہیں ۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ ایگریکلچر فیئرپرائس شاپس پر صارفین کی تعداد میں روزانہ 20فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر آلو،پیاز اور بیسن کی ڈیمانڈ سب سے زیادہ ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، چیئرمین پی آئی ٹی بی، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔